پاکستانی وفد آج تہران پہنچ رہا، ثالثی کردار قابل تعریف ہے: مارکو روبیو

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھیجا جانے والا ایک ثالثی وفد آج ایران کا دورہ کرے گا، جس کے بعد ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی میں کسی ممکنہ نتیجے تک پہنچنے کی امید مزید بڑھ گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مارکو روبیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جنگ بندی سے متعلق مسودے پر بات چیت کے لیے پاکستانی وفد ایران روانہ ہو رہا ہے، اور اس پیش رفت سے مذاکرات میں مثبت اشارے سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری بات چیت میں محدود مگر اہم پیش رفت ہوئی ہے، تاہم وہ اس معاملے پر غیر ضروری طور پر پرامید نہیں ہونا چاہتے اور آئندہ چند دنوں میں صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے بعد پاکستان کے ثالثی کردار میں نمایاں تیزی آئی ہے۔ اس دوران پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی گزشتہ 24 گھنٹوں میں دو بار ایران کا دورہ کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے ایرانی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کئی ہفتوں سے ایران اور امریکا کے درمیان پیغام رسانی اور کشیدگی میں کمی کے لیے فعال کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ ممکنہ جنگ بندی اور امن معاہدے کے لیے بھی درمیانی راستہ تلاش کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران امریکا کشیدگی میں اہم موڑ، چند گھنٹوں میں بڑا اعلان متوقع

ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر سمیت دیگر خلیجی ممالک بھی پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہ رہے ہیں اور مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے اس کی کوششوں کی حمایت کر رہے ہیں۔

اسی طرح ایرانی قیادت بھی پاکستان کے کردار کی معترف ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی متعدد مواقع پر پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

سفارتی حلقوں کے مطابق آئندہ چند دن ایران اور امریکا کے درمیان جاری اس کشیدگی کے حوالے سے نہایت اہم تصور کیے جا رہے ہیں، اور پاکستانی ثالثی وفد کا دورہ اس پورے عمل میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top