کیا عید پر تفریحی مقامات کھلے رہیں گے؟ ضلعی انتظامیہ کا بڑا اعلان

اسلام آباد: مری کی ضلعی انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ممکنہ رش، ٹریفک دباؤ اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر مال روڈ سمیت پورے سیاحتی علاقے میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندیاں 21 مئی سے نافذ العمل ہو چکی ہیں اور 31 مئی تک برقرار رہیں گی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سیاحوں کے بڑھتے ہوئے رش کو منظم کرنا اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ عید کے دوران مری میں مخصوص فیملیز کو ہی مال روڈ سمیت محدود علاقوں تک رسائی دی جائے گی، کیونکہ یہ مقامات سیاحوں کی بڑی توجہ کا مرکز ہوتے ہیں اور یہاں رش معمول سے زیادہ ہو جاتا ہے۔

دفعہ 144 کے تحت ہلڑ بازی، امن عامہ میں خلل ڈالنے، آتشیں اسلحے کی نمائش یا موجودگی اور پٹاخوں کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان سے حج پروازوں کا بڑا مرحلہ مکمل، آخری پرواز کے بعد اہم اعلان

انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات ممکنہ ہجوم، ٹریفک جام اور دیگر انتظامی مسائل سے نمٹنے کے لیے کیے گئے ہیں، کیونکہ عید کے موقع پر بڑی تعداد میں سیاح مری کا رخ کرتے ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔

دوسری جانب پنجاب بھر میں بھی عیدالاضحیٰ کے آغاز پر 27 مئی سے 2 جون تک 7 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ صفائی، ماحولیاتی تحفظ اور عوامی سلامتی کو برقرار رکھا جا سکے۔

Scroll to Top