آڑو کھانے کے ایسے فائدے جو آپ کو روز کھانے پر مجبور کر دیں

آڑو، جسے انگریزی میں Peach کہا جاتا ہے، ایک ایسا موسمی پھل ہے جو نہ صرف اپنے ذائقے کی وجہ سے پسند کیا جاتا ہے بلکہ صحت کے لیے بھی بے شمار فوائد کا حامل ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر اسے روزمرہ غذا کا حصہ بنایا جائے تو یہ جسمانی صحت پر مثبت اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق ایک درمیانے سائز کے آڑو میں کم کیلوریز کے ساتھ وٹامن سی، وٹامن اے، پوٹاشیم اور فائبر وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، جو جسم کے مختلف نظاموں کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ یہ عناصر مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے، بینائی بہتر بنانے اور ہاضمے کو درست رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آڑو جلد کی صحت کے لیے بھی انتہائی فائدہ مند ہے۔ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن سی جلد کی تازگی، لچک اور نمی برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں، جبکہ اس کی سوزش کم کرنے والی خصوصیات گرمی دانوں اور جلدی جلن میں بھی کمی لا سکتی ہیں۔

آڑو میں پانی کی وافر مقدار جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے میں مدد دیتی ہے، جبکہ اس میں موجود فائبر نظامِ ہاضمہ کو بہتر بنانے، قبض سے بچاؤ اور آنتوں کی صحت برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ملک بھر میں کتنی ضلعی عدالتیں ججز نہ ہونے کے باعث غیر فعال ہیں؟ تفصیلات جاری

دل کی صحت کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ آڑو میں پایا جانے والا پوٹاشیم بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ اس کے اجزاء کولیسٹرول کی سطح کو بہتر بنانے میں بھی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

بینائی کے حوالے سے بھی یہ پھل اہم سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس میں موجود وٹامن اے آنکھوں کی صحت کے لیے مفید ہے اور عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی کے مسائل کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق آڑو کم کیلوریز اور زیادہ فائبر ہونے کی وجہ سے وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے بھی ایک اچھا انتخاب ہے۔

مجموعی طور پر ماہرین کا کہنا ہے کہ آڑو کو متوازن غذا کا حصہ بنانے سے صحت میں واضح بہتری آ سکتی ہے، تاہم بہتر نتائج کے لیے صحت مند طرزِ زندگی اور متوازن خوراک کا اختیار بھی ضروری ہے۔

Scroll to Top