خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے عظمیٰ بخاری کی پریس کانفرنس پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پر بے بنیاد الزامات پنجاب میں ہونے والی اربوں روپے کی کرپشن چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔
انہوں نےکہا کہ عظمیٰ بخاری الزامات لگانے کے بجائے پنجاب میں اقربا پروری اور سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال کا جواب دیں۔
شفیع جان نے سوال اٹھایا کہ فیصل آباد کے “صاف ستھرا پروگرام” میں ہونے والی ایک ارب روپے کی مبینہ کرپشن پر عظمیٰ بخاری آخر خاموش کیوں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے محلات بنانے والے آج کرپشن پر لیکچر دے کر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عظمیٰ بخاری کو خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کو ملنے والا عوامی مینڈیٹ ہضم نہیں ہو رہا، لیکن الزامات اور پروپیگنڈے سے حقیقت کو بدلا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام باشعور ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی سیاسی شعبدہ بازیوں کو اچھی طرح پہچانتے ہیں۔
شفیع جان نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے اور خیبرپختونخوا حکومت مکمل شفافیت اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب میں مریم نواز کی ذاتی تشہیر کے لیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے مریم نواز کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں آمرانہ طرز حکمرانی اختیار کرنے والے آخر کس بنیاد پر فاشزم کی بات کرتے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت پر جعلی مقدمات اور میڈیا پر دباؤ نے مسلم لیگ (ن) کا اصل آمرانہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔





