قیصربخاری
محکمہ مواصلات و تعمیرات (C&W) کرک کے حالیہ ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیوں اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے سے متعلق خبروں پر ردِعمل دیتے ہوئے ایکسین سی اینڈ ڈبلیو کرک ارشاد خٹک نے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں ایکسین ارشاد خٹک کا کہنا ہے کہ ضلع کرک میں محکمہ C&W کے تمام خریداری اور ٹینڈرز کا عمل مکمل طور پر قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیا گیا اور تمام ٹینڈرز KPRA رولز اور EPAD سسٹم کے تحت مکمل شفافیت سے کیے گئے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کچھ بلیک میلر ٹھیکیداروں نے EPAD سسٹم پر بغیر دستخط شدہ CDRs اپ لوڈ کیے جس پر متعلقہ ٹھیکیداروں کے خلاف بلیک لسٹنگ اورانھیں ڈی بار کرنے کے لیے اعلیٰ حکام کو رپورٹ کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق متعلقہ بینکوں سے بھی قانونی رائے طلب کی گئی ہے کہ اگر کوئی ٹھیکیدار بغیر دستخط شدہ بینک CDR استعمال کرے یا ایک ہی CDR کو متعدد منصوبوں میں استعمال کرے تو قانون اس بارے میں کیا کارروائی تجویز کرتا ہے۔
ایکسین ارشاد خٹک کے مطابق کارروائی سے بچنے کے لیے بعض ٹھیکیدار مختلف صحافیوں اور سوشل میڈیا پیجز کے ذریعے میڈیا ٹرائل کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض رپورٹس مکمل طور پر یکطرفہ اور انہی ٹھیکیداروں کے مؤقف پر مبنی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بعض ٹھیکیداروں کی جانب سے محکمہ C&W کے حالیہ ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیوں، من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے اور قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کے الزامات سامنے آئے تھے تاہم محکمہ نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔




