شہزاد نوید
سوات کے مشہور سیاحتی مقام کالام میں پشاور کے علاقے بڈھ بیر سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان سیاح دریائے سوات میں نہانے کے دوران تیز لہروں کی نذر ہو کر پانی میں بہہ گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 سوات کی واٹر ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور لاپتہ سیاح کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے کالام سے لے کر باغ ڈھیرئی تک دریائے سوات کے مختلف کلومیٹرز پر محیط خطرناک مقامات پر تفصیلی تلاشی لی، تاہم تیز بہاؤ کے باعث لاپتہ سیاح کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق رات کی تاریکی اور محدود حدِ نگاہ کے باعث سرچ آپریشن کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے تاکہ ریسکیو اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ریسکیو 1122 سوات کی واٹر ریسکیو ٹیم کل صبح سویرے دوبارہ باقاعدہ طور پر سرچ آپریشن کا آغاز کرے گی اور لاپتہ سیاح کی تلاش اور لاش کو دریا سے نکالنے کے لیے تمام دستیاب جدید وسائل اور غوطہ خوروں کی خدمات بروئے کار لائی جائیں گی۔





