پاکستان نے پہلے ون ڈے میچ میں مہمان ٹیم آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے عبرتناک شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی اہم برتری حاصل کر لی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا جانے والا 201 رنز کا آسان ہدف 43 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94 گیندوں پر 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ غازی غوری 65 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اوپنر صاحبزادہ فرحان 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، معاذ صداقت 8 اور سلمان علی آغا 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ میچ کے ہیرو عرفات منہاس 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس نے دو، جبکہ میتھیو کوہنیمین، تنویر سنگھا اور مارنس لبوشین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بولرز نے سو فیصد درست ثابت کر دکھایا۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44.1 اوورز میں محض 200 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
کینگرروز کی جانب سے میتھیو رینشا کے 61 اور میتھیو شارٹ کے 55 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آ سکے۔ آسٹریلوی کپتان جوش انگلس 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مارنس لبوشین اور کیمرون گرین بغیر کوئی رن بنائے صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان اسپنر عرفات منہاس نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں صرف 32 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور وہ ون ڈے ڈیبیو پر 5 وکٹیں لینے والے پاکستان کی کرکٹ تاریخ کے پہلے بولر بن گئے ہیں۔
ان کے علاوہ ابرار احمد نے دو، جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کر کے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔





