نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

خیبرپختونخواسمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور ژالہ باری پیشگوئی،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

موسمیاتی الرٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، صوابی، کالام، مینگورہ، مالاکنڈ، بٹگرام، مردان، نوشہرہ، پشاور، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش کا امکان ہے، جبکہ چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے علاوہ پنجاب میں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، گوجر خان، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، جھنگ، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان اور کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، نگر، غزر، دیامیر، گھانچے، استور، شگر، کھرمنگ، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی، پونچھ اور بھمبر میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ ہے۔

خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، کالام، اپر کوہستان سمیت ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر اور آزاد کشمیر کے پہاڑی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہونے کا شدید خطرہ موجود ہے۔

ممکنہ طور پر قراقرم ہائی وے، ناران روڈ، جگلوٹ اسکردو روڈ، شمشال ویلی، عطا آباد جھیل اور دیوسائی روڈ پر سفری سرگرمیاں شدید متاثر ہو سکتی ہیں۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے اور سیاحوں سمیت مسافروں کو تاکید کی ہے کہ وہ شمالی علاقوں کا سفر شروع کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ ترین صورتحال لازمی چیک کریں۔

Scroll to Top