بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند طلبہ کے لیے اہم انتباہ جاری

اسلام آباد: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے بیرونِ ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کے لیے اہم عوامی انتباہ جاری کر دیا ہے۔

ایچ ای سی کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں طلبہ اور والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی غیر ملکی یونیورسٹی میں داخلہ لینے سے قبل متعلقہ پروگرام کے منظور شدہ طریقہ تعلیم کی مکمل تصدیق کریں، خواہ وہ آن کیمپس، آن لائن یا بلینڈڈ لرننگ ہو۔

کمیشن نے زور دیا ہے کہ طلبہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ منتخب پروگرام کا طریقہ تعلیم متعلقہ ملک کے ریگولیٹر یا ایکریڈیٹر سے منظور شدہ ہو، اور اگر پروگرام میں جسمانی حاضری یا رہائش کی شرط شامل ہو تو اس پر مکمل عمل کیا جائے۔

ایچ ای سی کے مطابق ہر غیر ملکی ڈگری کی مساوی (equivalence) درخواست کا انفرادی بنیادوں پر جائزہ لیا جاتا ہے، جس دوران یونیورسٹی کی قانونی حیثیت، پروگرام کی منظوری، تدریسی طریقہ کار، دورانیہ اور دیگر شرائط کا تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کبوتر چوک انڈر پاس کا افتتاح کر دیا

کمیشن نے مزید کہا ہے کہ طلبہ بیرونِ ملک داخلے سے قبل متعلقہ یونیورسٹی اور پروگرام کی ایکریڈیٹیشن اور تدریسی نظام سے متعلق مکمل معلومات حاصل کریں تاکہ مستقبل میں ڈگری کی مساوی یا شناخت کے حوالے سے کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایچ ای سی کے مطابق غیر ملکی ڈگریوں کی مساوی کے لیے درخواستیں آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں، اور ہر درخواست کا فیصلہ مقررہ ضوابط اور انفرادی میرٹ کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

Scroll to Top