وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان آج رات کیا جائے گا۔
ایران جنگ کے آغاز کے بعد سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا جائزہ اب 15 روز کے بجائے ہفتہ وار بنیادوں پر لیا جاتا ہے ۔ وزارت خزانہ وزیر اعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد نئی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی آئل مارکیٹ میں حالیہ اتار چڑھاؤ کے باعث اس بار قیمتوں میں ملا جلا رجحان دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
ہفتہ وار جائزے میں پیٹرول کی قیمتوں میں 3 سے 4 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہےجبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 34 سے 35 روپے فی لیٹر تک کا بڑا اضافہ متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان حکومت نے ایرانی پیٹرول کی نئی قیمت مقرر کر دی
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22 روپے فی لیٹر کی بڑی کمی کی گئی تھی جس کے بعد اس وقت ملک میں پیٹرول کی قیمت 381 روپے 78 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر سطح پر برقرار ہے۔
دوسری جانب صوبہ بلوچستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہےجس کی وجہ سے کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں پیٹرول کی قیمت 500 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔
ایندھن کی اس قلت کے باعث متعدد فلنگ اسٹیشنز بند ہو چکے ہیں جبکہ آپریشنل پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔





