کاشف عزیز
پشاور میں جنگلاتی آگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق خشک موسم اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے جنگلاتی علاقوں میں آگ لگنے کے خدشات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث یہ ہنگامی قدم اٹھایا گیا۔
اس پابندی کے تحت حسن خیل فاریسٹ رینج سمیت ضلع پشاور کے تمام جنگلاتی اور قریبی علاقوں میں جھاڑیوں، گھاس پھوس اور زرعی باقیات کو جلانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ جنگلاتی علاقوں میں پکنک کے دوران آگ جلانے اور ہر قسم کی فائر ایکٹیویٹیز کو بھی سختی سے روک دیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کا کہنا ہے کہ جنگلاتی آگ سے عوامی املاک، حیاتیاتی تنوع اور قریبی آبادیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، اس لیے جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے اقدامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
ان احکامات کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے جو آئندہ احکامات تک برقرار رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور میں معمولی تکرار پر بھائی نے دو سگے بھائیوں کو قتل کر دیا
ضلعی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔
واضح کیا گیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 پی پی سی کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





