پشاور: خیبرپختونخوا میں “کالے چینل” سے متعلق بیان پر سیاسی گرما گرمی جاری ہے، جہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ارباب خضر حیات نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ارباب خضر حیات نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی “کالے چینل” کا راگ الاپ کر اپنی حکومت کی ناکامیوں اور کرتوتوں پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر واقعی جرات ہے تو نام لے کر بات کی جائے، مبہم الزامات سے حقائق تبدیل نہیں کیے جا سکتے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور اب اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے بیانات دیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق صوبے میں گورننس کی صورتحال خراب ہے اور عوامی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔
سہیل آفریدی صاحب، “کالے چینل” کا راگ الاپ کر اپنے کرتوتوں پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔ ہمت ہے تو نام بھی لے لیں ۔@PakhtunDigital @azaad_urdu @FDdigital1 @kpdigital01 @PTVNewsOfficial @TKCkhyber @khybernews247 @_KPUpdates @PTIofficial @pmln_org @ShafiJanPTI @SohailAfridiISF
— Arbab Khizer Hayat Khan (@KhizerArbabPMLN) June 5, 2026
انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ صوبائی حکومت اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے بجائے سیاسی بیانات کے ذریعے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کے “کالے چینلز” سے متعلق ریمارکس پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، جن میں یہ مؤقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ کرپشن کے خلاف کمپلینٹ سیل کے قیام کے دوران بھی ایسے چینلز کا ذکر کیا گیا، تاہم ان کے نام واضح طور پر نہیں لیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا مالی بحران کا شکار، ضم اضلاع کے لئے وفاق سے اضافی 90 ارب مانگ لئے
اس سے قبل بھی خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و نشریات شفیع جان کی جانب سے ایک ٹی وی پروگرام میں “پختون ڈیجیٹل” سمیت بعض سوشل میڈیا چینلز کو “کالے چینلز” قرار دیا گیا تھا، جس پر انہیں شدید سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔
پروگرام کے میزبان سینئر صحافی طلعت حسین نے وزیر اطلاعات سے سوال کیا کہ ایک ذمہ دار حکومتی عہدے پر ہوتے ہوئے ان الزامات کے ثبوت کیا ہیں اور کیا ان کے پاس کسی مخصوص ایجنڈے کے شواہد موجود ہیں۔
تاہم پروگرام کے دوران وزیر اطلاعات شفیع جان کی جانب سے ان سوالات کے واضح اور ٹھوس شواہد پیش نہیں کیے جا سکے، اور وہ اپنے مؤقف کی وضاحت میں حتمی جواب دینے سے قاصر رہے۔
انہوں نے کہا کہ “ثبوت کی کیا ضرورت ہے، یہ بات سب کو معلوم ہے”، جس کے بعد یہ گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔





