وفاقی بجٹ 2026-27 میں موبائل صارفین اور ٹیلی کام سیکٹر کو ریلیف دینے کی تجاویز

اسلام آباد: وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے وفاقی بجٹ 2026-27 کے لیے موبائل صارفین اور ٹیلی کام شعبے کو ریلیف فراہم کرنے کی متعدد تجاویز تیار کر لی ہیں، جن کا مقصد ڈیجیٹل سہولیات کو مزید سستا اور قابلِ رسائی بنانا ہے۔

وزارت کی جانب سے موبائل کارڈز اور بیلنس لوڈ پر عائد 15 فیصد ایڈوانس ٹیکس اور موبائل سروسز پر لاگو 19.5 فیصد جنرل سیلز ٹیکس میں کمی کی سفارش کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق ان ٹیکسوں میں کمی سے صارفین کو زیادہ ٹاک ٹائم اور انٹرنیٹ ڈیٹا دستیاب ہوگا جبکہ ملک میں ڈیجیٹل سروسز کے استعمال میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

بجٹ تجاویز میں ملک بھر میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے براڈ بینڈ اور انٹرنیٹ سروسز میں استعمال ہونے والے جدید آلات کی درآمد پر ڈیوٹی کم کرنے کی سفارش بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ فائبر آپٹک نیٹ ورک اور ٹیلی کام ٹاورز کی تنصیب کی لاگت کم کرنے کے لیے خصوصی مراعات دینے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک سستا اور معیاری انٹرنیٹ فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : کاروباری طبقے کے لیے خوشخبری، نیا ٹیکس ماڈل متعارف

وزارتِ آئی ٹی نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے تاکہ ٹیلی کام اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

تجاویز کے مطابق نئے ڈیجیٹل منصوبوں میں سرمایہ کاروں کو ٹیکس مراعات اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ ملک میں ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے اور ٹیکنالوجی کے شعبے کو فروغ حاصل ہو۔

Scroll to Top