ہیٹ ویو کا الرٹ

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے کون سے اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں آئیں گے؟ تفصیلات جاری

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں 8 سے 12 جون تک شدید ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

اس گرمی کی لہر سے خیبرپختونخوا کے اہم اضلاع پشاور، مردان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان شدید متاثر ہوں گےجہاں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر میں بھی شدید ہیٹ ویو کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، سبی، تربت اور پنجگور بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جہاں کراچی میں پارہ 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

ماہرینِ صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھروں میں ایک ہنگامی کٹ تیار رکھیں، جس میں او آر ایس (ORS)، تھرما میٹر، پانی کی بوتلیں، چھوٹے تولیے اور ہینڈ ہیلڈ یا بیٹری والے پنکھے موجود ہوں۔ اس کے ساتھ ہی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قریبی ہسپتال، ڈاکٹر یا ایمبولینس سروس کا رابطہ نمبر لازمی اپنے پاس محفوظ رکھیں۔

یہ بھی پڑھیں : شدید بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی،این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

گرمی کے اثرات سے بچنے کے لیے دن کے گرم ترین حصوں میں گھر کے پردے بند رکھیں اور رات کو ٹھنڈی ہوا کے لیے کھڑکیاں کھول دیں۔ دن کے اوقات میں بلاضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں اور ناگزیر صورت میں باہر جاتے وقت سن اسکرین، ٹوپی یا چھتری کا استعمال کریں۔ پیاس لگنے کا انتظار کیے بغیر وقفے وقفے سے پانی پیئیں، ہلکے اور ڈھیلے سوتی کپڑے پہنیں اور گردن کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے گیلا تولیہ ساتھ رکھیں۔

طبی ماہرین نے بچوں کی صحت کے حوالے سے خصوصی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ والدین باقاعدگی سے چیک کریں کہ کہیں بچہ شدید پسینے، الٹی، منہ کے خشک ہونے یا سر درد کا شکار تو نہیں ہو رہا۔ اگر بچہ سست ہو، صحیح جواب نہ دے رہا ہو، یا اسے تیز بخار اور چکر آ رہے ہوں، تو اسے بغیر تاخیر فوری طور پر قریبی ہسپتال یا عارضی کولنگ سینٹر منتقل کریں۔

Scroll to Top