ہر شہری کیلئے الیکٹرک بائیک؟ حکومت کا بڑا منصوبہ سامنے آگیا

ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور شہریوں کو سستی و ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی فراہمی کے لیے حکومت نے ایک بڑی اسکیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت الیکٹرک بائیک اب عام شہریوں کی دسترس میں آ سکیں گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے ایسے منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے جس کا مقصد نہ صرف مہنگے پٹرول کے بوجھ کو کم کرنا ہے بلکہ شہروں میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی اور اسموگ کے مسئلے پر بھی قابو پانا ہے۔

الیکٹرک وہیکلز کو ماحول دوست متبادل کے طور پر تیزی سے فروغ دیا جا رہا ہے، تاہم ان کی قیمتیں عام شہری کی پہنچ سے باہر ہونے کے باعث حکومت نے کرائے پر الیکٹرک بائیک فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ابتدائی مرحلے میں لاہور میں یہ سروس شروع کیے جانے کا امکان ہے، جس کے تحت تقریباً 10 ہزار الیکٹرک بائیک شہریوں کو کرائے پر دستیاب ہوں گی۔

اس کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں 300 ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے تاکہ صارفین کو بائیک کے استعمال اور چارجنگ میں آسانی فراہم کی جا سکے۔

منصوبے کے تحت پنجاب ہاؤسنگ اتھارٹی (PHA) ان اسٹیشنز کے لیے زمین فراہم کرے گی، جبکہ ان کا قیام رہائشی علاقوں، تجارتی مراکز اور پبلک ٹرانسپورٹ کے قریبی پوائنٹس پر کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو آسان اور تیز رسائی حاصل ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں : سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی

حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے لاہور میں کاربن کے اخراج میں نمایاں کمی متوقع ہے۔ اندازوں کے مطابق اس اقدام کے نتیجے میں سالانہ ہزاروں ٹن کاربن اخراج میں کمی آئے گی، جس سے شہر میں فضائی آلودگی اور اسموگ کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

یہ سروس خاص طور پر طلبہ، دفاتر میں کام کرنے والے افراد اور عام شہریوں کے لیے تیار کی جا رہی ہے، جو موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے الیکٹرک بائیک حاصل کر سکیں گے۔ اس جدید نظام کے ذریعے شہری آسانی سے قریبی ڈاکنگ اسٹیشن سے بائیک لے کر اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔

تاہم حکام کی جانب سے ابھی تک اس مجوزہ ای-بائیک سروس کے کرایہ جات کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ یہ بھی واضح نہیں کہ سروس فی گھنٹہ چارجز پر ہوگی یا روزانہ بنیادوں پر دستیاب ہوگی۔

Scroll to Top