فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لبنانی کمانڈر ان چیف کی اہم ملاقات، دفاعی امور پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لبنانی کمانڈر ان چیف کی اہم ملاقات، دفاعی امور پر تبادلہ خیال

لبنانی مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف جنرل روڈولف ہائیکل نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر لبنانی آرمی چیف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط اور تربیتی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہائیکل نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لبنان نے بین الاقوامی امن مشنز میں پاکستان کی خدمات کو قابلِ قدر قرار دیا جبکہ دونوں جانب سے فوجی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا۔

Scroll to Top