سوات، طالبات سے بھری اسکول بس حادثے کا شکار، ایک طالبہ جاں بحق، متعدد زخمی
اپر سوات کے علاقے دارمئی لنڈی چم میں طالبات کو لے جانے والی ایک اسکول بس بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک طالبہ جاں بحق جبکہ متعدد طالبات اور راہ گیر خواتین زخمی ہو گئیں۔
ریسکیو 1122 سوات کے کنٹرول روم کو حادثے کی اطلاع ملتے ہی 6 ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حرا گرلز اسکول اینڈ کالج کی بس میں 40 سے زائد طالبات سوار تھیں۔ حادثے کے دوران سڑک پر موجود 3 راہ گیر خواتین بھی زخمی ہوئیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے 20 سے زائد زخمی طالبات اور خواتین کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کر دیا، جہاں انہیں مزید علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں طالبہ حورین دختر خورشید، سکنہ لنڈی چم، جان کی بازی ہار گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ اہل خانہ اور مقامی افراد نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات اور دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔





