شہریوں کو پاسپورٹ کی ان کے گھر کی دہلیز تک فراہمی سے متعلق اہم منصوبے میں بڑی پیشرفت سامنے آگئی ہے۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پاسپورٹ کی ہوم ڈیلیوری کے نئے ایس او پیز کو باقاعدہ حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ڈور اسٹیپ پاسپورٹ ڈیلیوری سروس متعارف کروائی جائے گی تاکہ عوام کو دفاتر کے چکر نہ کاٹنے پڑیں۔
اس موقع پر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی نئی ڈیجیٹل ایپ کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ اس ایپ کے ذریعے آن لائن درخواست دینے اور پاسپورٹ ٹریکنگ سسٹم کی سہولیات پر بھی غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاسپورٹ بنوانا اب ہوا نہایت آسان؛ حکومت نے شہریوں کی بڑی مشکل حل کر دی
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا نے ڈیجیٹل ادائیگیوں اور ای سروسز کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور شہریوں کو زیادہ تر خدمات گھر بیٹھے فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے پاسپورٹ سروسز کو اپ گریڈ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو تیز، آسان اور شفاف خدمات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ اس سروس کے باقاعدہ آغاز سے ملک بھر کے لاکھوں شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں انتہائی آسانی ہو جائے گی۔





