امریکا، ایران کشیدگی کے اثرات؛ عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑی کمی
امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور حالیہ فوجی کارروائیوں کے باعث عالمی گولڈ مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 150 ڈالر سے زائد کمی کے بعد تقریباً 4 ہزار 185 ڈالر تک آ گئی، جبکہ چاندی کی قیمت بھی 3.86 ڈالر کمی کے بعد 64.62 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گئی۔
ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال اور عالمی سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کے باعث قیمتی دھاتوں کی مارکیٹ شدید دباؤ کا شکار رہی، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 28 ڈالر 29 سینٹ اضافے کے بعد 4 ہزار 326 ڈالر 27 سینٹ تک پہنچ گئی تھی، تاہم تازہ گراوٹ نے سرمایہ کاروں اور تاجروں کی توجہ ایک بار پھر عالمی سیاسی صورتحال کی جانب مبذول کرا دی ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں امریکا اور ایران کے درمیان صورتحال میں کسی بھی نئی پیش رفت کے اثرات سونے اور چاندی کی عالمی قیمتوں پر مرتب ہو سکتے ہیں۔





