کوہستان میگا سکینڈل میں تہلکہ خیز پیش رفت، ملزمان سے کیا برآمد ہوا؟جانئے

کوہستان میگا سکینڈل میں تہلکہ خیز پیش رفت، ملزمان سے کیا برآمد ہوا؟جانئے

کوہستان میگا کرپشن سکینڈل میں اہم پیش رفت، نیب نے قیمتی بنگلہ اور کروڑوں روپے برآمد کر لیے

کوہستان میگا کرپشن سکینڈل کی تحقیقات میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو ایک اور اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ نیب نے مرکزی ملزم یحییٰ ٹھیکیدار کے دو مبینہ بے نامی داروں سے ایبٹ آباد میں واقع قیمتی بنگلہ اور کروڑوں روپے برآمد کر لیے ہیں۔

نیب کے سینئر تفتیشی افسر عنایت اللہ خان کے مطابق مرکزی ملزم یحییٰ ٹھیکیدار کے مبینہ بے نامی داروں محمد ایاز اور فضل الٰہی کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ان کے بیانات بھی قلمبند کیے گئے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ محمد ایاز کے نام پر ایبٹ آباد میں ایک کنال دو مرلے پر مشتمل قیمتی بنگلہ خریدا گیا تھا، جس کی مالیت 4 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ اسی طرح فضل الٰہی کے بینک اکاؤنٹ سے 4 کروڑ 86 لاکھ روپے کی رقم برآمد کی گئی، جس کے بارے میں نیب کا مؤقف ہے کہ یہ رقوم مبینہ طور پر کرپشن کے ذریعے حاصل کی گئی تھیں۔

عدالتی کارروائی کے دوران دونوں مبینہ بے نامی داروں نے برآمد شدہ اثاثوں سے دستبرداری اختیار کر لی۔ نیب کے مطابق ملزم یحییٰ ٹھیکیدار نے بھی عدالت کے روبرو اعتراف کیا کہ مذکورہ بنگلہ محمد ایاز کے نام پر خریدا گیا تھا جبکہ فضل الٰہی کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کی مالی لین دین کی گئی تھی

نیب حکام کے مطابق یحییٰ ٹھیکیدار پر مجموعی طور پر 19 کروڑ روپے کی کرپشن کا الزام عائد ہے اور کیس کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے تاکہ دیگر ممکنہ بے نامی اثاثوں اور ملوث افراد کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔

واضح رہے کہ کوہستان میگا کرپشن سکینڈل حالیہ برسوں کے بڑے مالیاتی سکینڈلز میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں متعدد ملزمان اور مبینہ بے نامی جائیدادوں کی تحقیقات جاری ہیں۔

Scroll to Top