بالائی علاقوں میںشدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ، این ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

بالائی علاقوں میں شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ، این ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

 نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 10 سے 15 جون کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور شدید بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کا ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

الرٹ کے مطابق پہاڑی علاقوں میں تیز بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں میں اچانک طغیانی کا شدید خدشہ ہے، جس سے خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ جبکہ آزاد کشمیر کے علاقوں مظفرآباد، وادی نیلم، باغ اور راولاکوٹ کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے۔ اس کے ساتھ ہی گلگت بلتستان کے اضلاع گپس یاسین، غذر، دیامر، تانگیر، داریل اور گلگت بھی شدید متاثر ہو سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ این ڈی ایم اے نے 12 سے 15 جون کے دوران گلگت بلتستان اور ملحقہ کوہستانی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی خصوصی وارننگ بھی جاری کی ہے۔ اس الرٹ کے مطابق قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ اسکردو روڈ کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث عارضی بندش اور سفری مشکلات کا خدشہ ہے۔

چلاس، بشیداس، تھلپن، شینگس نالہ، شیطان نالہ، چماچو اور ٹورمک نالہ پر خطرات بڑھ سکتے ہیں، جبکہ عطا آباد ٹنل، شِمشال، خپلو اور مشرقی بلتستان کی پہاڑی ڈھلوانوں پر بھی لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے لیے ہنگامی امدادی ٹیموں کو فوری رسپانس کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

حکام نے تمام متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں کو ہنگامی ٹیمیں اور ڈی واٹرنگ مشینری تیار رکھنے کا حکم دیا ہے، جبکہ شہری علاقوں میں نکاسی آب کے نظام اور نالوں کی صفائی فوری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ندی نالوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سیاحوں کو پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی انتظامیہ اور موسمی ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں اور بروقت معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ کا استعمال کریں۔

Scroll to Top