بحیرہ عمان میں بھارتی آئل ٹینکر کو امریکی فضائیہ نے نشانہ بنا ڈالا،رائٹرز

بحیرہ عمان میں امریکی افواج نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی آئل ٹینکر کو فضائی حملے کا نشانہ بنا کر ناکارہ کر دیا ہےجس کے بعد واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان شدید سفارتی کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مذکورہ تجارتی جہاز نے امریکی ناکہ بندی کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایران سے تیل منتقل کرنے کی کوشش کی تھی۔

امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ فورسز کی جانب سے بار بار دی جانے والی ہدایات اور وارننگ پر عمل کرنے میں ناکامی کے بعد امریکی جنگی طیارے نے کارروائی کی اور جہاز کے انجن روم کو براہِ راست نشانہ بنایا۔

اس فضائی حملے کے نتیجے میں بھارتی آئل ٹینکر میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی جس سے جہاز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جہاز پر عملے کے کل 28 ارکان سوار تھے جن میں سے 24 کا تعلق بھارت سے تھا، اور اس واقعے کے بعد سے 3 بھارتی شہری لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی آم معیار پر پورا اترنے میں ناکام: جاپان نے 20 سال بعد درآمد پر دوبارہ پابندی لگا دی

اس غیر معمولی فوجی کارروائی پر بھارت کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور نئی دہلی نے واقعے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے بھارت میں تعینات امریکی مشن کے نائب سربراہ کو وزارتِ خارجہ طلب کر لیا ہے۔

بھارتی حکام نے آئل ٹینکر پر امریکی حملے اور اپنے شہریوں کی گمشدگی پر امریکی سفارت کار کے سامنے باضابطہ طور پر اپنا شدید ترین احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

Scroll to Top