حکومت نے قومی اقتصادی سروے 26-2025 جاری کردیا

حکومت نے قومی اقتصادی سروے 26-2025 جاری کردیا

وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26 کا قومی اقتصادی سروے باقاعدہ طور پر جاری کر دیا ہے۔

اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے سروے کے اہم خدوخال پیش کیے۔

انہوں نے بتایا کہ اندرونی و بیرونی چیلنجز اور شدید عالمی و علاقائی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ملکی معیشت نے بہتر کارکردگی دکھائی ہے اور رواں مالی سال معاشی ترقی کی شرح 3.7 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کو پورا یقین تھا کہ اس سال پاکستان کی معاشی گروتھ 4 فیصد سے تجاوز کر جائے گی، لیکن بدقسمتی سے بین الاقوامی اور قدرتی عوامل آڑے آ گئے۔

یہ بھی پڑھیں : 17 ہزار 500 ارب سے زائد حجم کا وفاقی بجٹ کل پیش ہوگا،ٹیکس اور ریلیف سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں

انہوں نے واضح کیا کہ ایران جنگ کے باعث پیدا ہونے والے عالمی حالات اور ملک میں مون سون کی غیر معمولی بارشوں کی وجہ سے معیشت متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں 4 فیصد کا ہدف حاصل نہ ہو سکا۔

عالمی منظرنامے پر بات کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے بتایا کہ موجودہ حالات میں عالمی معیشت بھی سکڑ کر 3.7 فیصد سے کم ہو کر 3.1 فیصد پر آ گئی ہے۔ اس کے علاوہ امریکہ کی جانب سے دنیا کے مختلف ممالک پر نئے ٹیرف کے نفاذ نے بھی عالمی سطح پر شدید معاشی غیر یقینی پیدا کی، جس کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہوئے۔

سروے کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے ہی ماہ میں ملک کو شدید معاشی غیر یقینی صورتحال کا سامنا تھا اور ان چیلنجز نے پاکستانی معیشت کی اہلیت کا سخت امتحان لیا تاہم وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا کہ موجودہ حکومت اپنی بہترین پالیسیوں کی بدولت ان تمام بحرانوں سے نبرد آزما ہونے میں کامیاب رہی، جس کی وجہ سے اب ملکی معیشت استحکام کی طرف گامزن ہو چکی ہے۔

وزیرِ خزانہ نے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے زرعی شعبے کے اعداد و شمار بھی پیش کیے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال زرعی شعبے کی ترقی کا ہدف 4.5 فیصد مقرر کیا گیا تھا، لیکن موسم کی خرابی اور دیگر ناگزیر عوامل کے باعث یہ شرح 2.9 فیصد تک محدود رہی۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت آنے والے مالی سال میں معاشی اصلاحات اور ڈھانچہ جاتی تبدیلیوں کے ذریعے ملکی ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرے گی۔

Scroll to Top