شمالی وزیرستان کے علاقے پالنگزئی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے تسلسل میں ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کا انتہائی اہم اور مطلوب سرغنہ خالد رضا عرف سالم اپنے 45 خارجیوں سمیت جہنم واصل ہو چکا ہے۔ حکومت کی جانب سے اس خطرناک خارجی سرغنہ خالد رضا کے سر کی قیمت 40 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، جس میں ایک عدد 12.7 ایم ایم رائفل، 14 ایس ایم جی رائفلز اور ایک راکٹ لانچر بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان : ضلع باسیمہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،فتنہ الہندوستان کے 14 دہشت گرد ہلاک، ایک جوان شہید
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے خلاف اس آپریشن کا آغاز 7 جون کو کیا گیا تھا جس کے ابتدائی مرحلے میں ہی 27 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا تھا اور اب یہ تعداد45تک پہنچ چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن اب بھی عزم کے ساتھ جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے بھارتی پراکسیز، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندستان کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔





