میرانشاہ میں انٹرنیٹ بحال، مگر موبائل سگنلز اب بھی بند، شہری اپنے پیاروں سے رابطے کے منتظر

میرانشاہ میں انٹرنیٹ بحال، مگر موبائل سگنلز اب بھی بند، شہری اپنے پیاروں سے رابطے کے منتظر

​شمالی وزیرستان کے ضلعی ہیڈکوارٹر میرانشاہ میں کئی روز کی بندش کے بعد انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے، تاہم موبائل فون سگنلز تاحال معطل ہیں، جس کے باعث شہریوں کو اپنے عزیز و اقارب سے رابطے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروسز کی بندش سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ امن کی بحالی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے یہ اقدامات ناگزیر تھے۔

انتظامیہ کے مطابق یکم جون سے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مواصلاتی سروسز معطل کی گئی تھیں۔ طویل انتظار کے بعد انٹرنیٹ سروس تو بحال کر دی گئی ہے، تاہم موبائل نیٹ ورک تاحال بند ہونے کے باعث عوامی مشکلات برقرار ہیں۔

دوسری جانب آج اتوار کے روز پورے شمالی وزیرستان میں سخت کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ کرفیو کے باعث مرکزی شاہراہیں، بازار اور تجارتی مراکز بند ہیں جبکہ سیکیورٹی فورسز مختلف علاقوں میں گشت کر رہی ہیں۔

مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے ساتھ موبائل فون سروس بھی جلد بحال کی جائے تاکہ مواصلاتی نظام مکمل طور پر فعال ہو سکے اور عوام کو درپیش مشکلات میں کمی آئے

Scroll to Top