فضا میں اڑان موت کا سفر بن گئی، امریکا میں طیارہ تباہ، 12 افراد ہلاک

فضا میں اڑان موت کا سفر بن گئی، امریکا میں طیارہ تباہ، 12 افراد ہلاک

امریکی ریاست میسوری میں ایک افسوسناک طیارہ حادثے کے نتیجے میں اسکائی ڈائیونگ ٹیم کے تمام 12 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ پرواز کے چند ہی لمحوں بعد گر کر تباہ ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ میسوری کے شہر کینساس کے قریب واقع بٹلر میموریل ایئرپورٹ پر پیش آیا، جہاں سے طیارے نے معمول کی پرواز بھری تھی۔ تاہم اڑان بھرنے کے فوراً بعد طیارہ بے قابو ہو کر زمین سے ٹکرا گیا اور مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

حکام کے مطابق طیارے میں ایک پائلٹ اور 11 اسکائی ڈائیورز سوار تھے۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ جہاز میں موجود کوئی بھی شخص زندہ نہ بچ سکا۔

بیٹس کاؤنٹی پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً ساڑھے 11 بجے پیش آیا، جس کے بعد امدادی اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

حادثے کے بعد میسوری اسٹیٹ ہائی وے پیٹرول، فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

اس المناک حادثے نے علاقے میں سوگ کی فضا پیدا کر دی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔

Scroll to Top