عالمی منڈی میں اچانک بڑا اُلٹ پھیر، خام تیل سستا مگر سونے نے نئی اڑان بھر لی

عالمی منڈی میں اچانک بڑا اُلٹ پھیر، خام تیل سستا مگر سونے نے نئی اڑان بھر لی

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی اور ابتدائی امن معاہدے سے متعلق خبروں کے بعد عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی سونے کی قیمت میں 2.5 فیصد کا بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس نے سرمایہ کاروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت بڑھ کر 4,322.87 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جو حالیہ دنوں کی بلند ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔ اسی طرح امریکی فیوچرز مارکیٹ میں اگست کی ڈیلیوری کے لیے سونے کا بھاؤ 2.5 فیصد اضافے کے ساتھ 4,344.80 ڈالر فی اونس ریکارڈ کیا گیا۔

معاشی ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی پیش رفت کی خبروں کے بعد امریکی ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں سونا دیگر کرنسیوں کے حامل سرمایہ کاروں کے لیے نسبتاً سستا اور زیادہ پرکشش بن گیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی سیاسی صورتحال اور مالیاتی منڈیوں میں غیر یقینی کیفیت کے باعث سرمایہ کار محفوظ سرمایہ کاری کے طور پر سونے کا رخ کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں قیمتی دھات کی قیمتوں میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ اگر خطے میں سفارتی پیش رفت کا سلسلہ جاری رہا اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ برقرار رہا تو سونے کی قیمتوں میں مزید اضافے کے امکانات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

Scroll to Top