پی ٹی آئی احتجاج کیس! وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) اسلام آباد میں 4 اکتوبر کے پی ٹی آئی احتجاج کے دوران پولیس اہلکار کی شہادت سے متعلق کیس کی اہم سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے اہم عدالتی احکامات جاری کر دیے۔
سماعت جج طاہر عباس سپرا نے تھانہ نون میں درج مقدمے کی بنیاد پر کی۔ دورانِ کارروائی عدالت نے کیس میں نامزد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، عامر مغل اور حفیظ الرحمان سمیت دیگر ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کا بھی حکم دیا ہے۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اعظم سواتی عدالت میں پیش ہوئے، جن کے حوالے سے کیس کا ٹرائل باقاعدہ طور پر جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
عدالتی کارروائی میں استغاثہ کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ کیس کو میرٹ پر آگے بڑھایا جا سکے۔
یاد رہے کہ یہ مقدمہ اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبل عبد الحمید شاہ کی شہادت سے متعلق ہے، جو 4 اور 5 اکتوبر کو پی ٹی آئی احتجاج کے دوران 26 نمبر چونگی پر ڈیوٹی کے دوران مبینہ طور پر اغوا اور شدید تشدد کے نتیجے میں شہید ہوئے تھے۔





