عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں کو پر لگ گئے، فی تولہ سونا 10 ہزار 800 روپے مہنگا
ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے بعد عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث قیمتی دھات نئی بلندیوں کو چھونے لگی ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار 800 روپے کا بڑا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونا 455 ہزار 136 روپے تک پہنچ گیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 9 ہزار 720 روپے اضافے کے بعد 389 ہزار 600 روپے ریکارڈ کی گئی، جس سے سونے کے خریداروں اور سرمایہ کاروں کی توجہ ایک بار پھر اس جانب مبذول ہو گئی ہے۔
دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں زبردست تیزی دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 108 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 327 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 230 روپے مہنگی ہو کر 7 ہزار 509 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ اور بین الاقوامی سفارتی پیش رفت کے بعد سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث سونے کی قیمتوں میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔





