پی ٹی آئی کے سابق کونسل چیئرمین کا سرکاری سامان پر قبضہ، جھاڑو اور بیلچے بھی ساتھ لے گئے

پی ٹی آئی کے رہنما کا سرکاری سامان پر قبضہ، جھاڑو اور بیلچے بھی ساتھ لے گئے

پشاور کی تحصیل چمکنی میں پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ایک سابق ویلج کونسل چیئرمین نے دفتری اشیاء سمیت کونسل کے صفائی ستھرائی کے سامان پر بھی مبینہ طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔

ویلج کونسل نمبر 40 کے سابق چیئرمین کی جانب سے سرکاری املاک واپس نہ کرنے پر سیکریٹری کونسل نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر چمکنی کو ایک باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے جس میں تمام صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے۔

سیکریٹری کونسل کے خط کے مطابق سابق چیئرمین کے پاس کونسل کا قیمتی سرکاری سامان موجود ہے، جس میں ایک لوڈر رکشہ، دس دفتری کرسیاں، دو وہیل چیئرز، دو کمپیوٹر ٹیبلز، ایک دفتری الماری اور ایک پرنٹر شامل ہے۔

حیرت انگیز طور پر سابق چیئرمین دفتری فرنیچر کے ساتھ ساتھ کونسل کی جانب سے صفائی کے لیے استعمال ہونے والے چار جھاڑو، دو ہینڈ کارٹس، دو گینٹریاں اور چار بیلچے سمیت دیگر متفرق سامان بھی اپنے ساتھ لے گئے ہیں اور بارہا اصرار کے باوجود واپس کرنے سے انکاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی حکومت کو عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، بدعنوانی اور کرپشن نے کارکردگی بے نقاب کر دی، فیصل کریم کنڈی

اس سنگین خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر چمکنی نے سینیئر آفیسر کو معاملے پر فوری کارروائی کی سفارش کر دی ہے۔

ارسال کردہ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ سرکاری سامان کی عدم واپسی پر متعلقہ سابق چیئرمین کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کرائی جائے اور قانون کے مطابق پولیس کے ذریعے دفتری و صفائی کا تمام سامان بحقِ سرکار برآمد کیا جائے۔

Scroll to Top