ایران کے ساتھ مفاہمتی ڈیل پر دستخط ہو چکے،آبنائے ہرمز کھول دی گئی ہے،ٹرمپ کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مفاہمتی ڈیل پر باقاعدہ دستخط ہو چکے ہیںجس کے بعد اسٹریٹجک اہمیت کی حامل آبنائے ہرمز کو فوری طور پر کھول دیا گیا ہے۔

واشنگٹن میںفرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے واضح کیا کہ جمعہ تک اس سمندری گزرگاہ کو تجارتی اور بحری آمدورفت کے لیے مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس تاریخی معاہدے کے تحت اب ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہوں گے، اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اہم پیش رفت کے بعد مستقبل میں امریکا اور ایران کے باہمی تعلقات میں نمایاں بہتری آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس امن معاہدے کے مثبت اثرات عالمی سطح پر ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے جبکہ اسٹاک مارکیٹیں بھی اوپر جا رہی ہیں، جو عالمی معیشت کی بحالی کے لیے ایک انتہائی حوصلہ افزا اشارہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل ہو گیا، ایرانی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی ہٹانے کا حکم ٹرمپ نے دے دیا

میڈیا سے گفتگو کے دوران امریکی صدر نے یوکرین جنگ کا بھی خاص طور پر ذکر کیا اور بتایا کہ ان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی سے بھی انتہائی مثبت گفتگو ہوئی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق دونوں ممالک کے رہنما اب امن کے قیام کے لیے سنجیدہ اور پرعزم دکھائی دیتے ہیں، تاہم اب دیکھنا یہ ہوگا کہ اس سلسلے میں آنے والے دنوں میں مزید کیا پیش رفت ممکن ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top