منہ کے چھالوں سے بچاؤ اور علاج کے 9 آسان طریقے جان لیں

اسلام آباد: زبان، مسوڑوں، ہونٹوں اور گالوں کے اندرونی حصوں میں چھالے یا زخم ایک عام طبی مسئلہ ہے جو مختلف وجوہات جیسے الرجی، انجری، انفیکشن یا جسمانی تناؤ کے باعث پیدا ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق منہ کے چھالے، جنہیں طبی اصطلاح میں “کینکر سور (Canker Sore)” کہا جاتا ہے، ایک عام مسئلہ ہے جو دنیا کی تقریباً 10 سے 25 فیصد آبادی کو متاثر کرتا ہے۔ یہ چھالے نہ صرف کھانے پینے میں دشواری پیدا کرتے ہیں بلکہ شدید تکلیف کا باعث بھی بنتے ہیں۔

طبی ماہرین اور مختلف تحقیقی رپورٹس کے مطابق اس مسئلے سے نجات یا درد میں کمی کے لیے چند آسان گھریلو طریقے مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں۔

بیکنگ سوڈا کے استعمال سے منہ کی تیزابیت کو متوازن رکھنے اور نقصان دہ بیکٹیریا کے خاتمے میں مدد مل سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق آدھے کپ پانی میں ایک چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا ملا کر کلیاں کرنے سے افاقہ ممکن ہے۔

اسی طرح استعمال شدہ ٹی بیگ کو چند منٹ تک متاثرہ حصے پر رکھنے سے درد میں کمی آ سکتی ہے کیونکہ چائے کے اجزاء سوزش کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

ہائیڈروجن پرآکسائیڈ اور پانی کے محلول سے متاثرہ حصے کی صفائی بھی مفید قرار دی جاتی ہے، تاہم ماہرین اس کے استعمال میں احتیاط اور نگلنے سے اجتناب کا مشورہ دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : کیا عوام دو دن بغیر موبائل سروس کے رہیں گے؟ بڑا فیصلہ زیر غور

نمک ملے پانی سے کلیاں کرنے کو بھی مؤثر بتایا گیا ہے، جس سے زخم بھرنے کا عمل تیز ہو سکتا ہے۔

ایلو ویرا جیل، شہد، دہی، ناریل کا تیل اور سیب کا سرکہ بھی مختلف تحقیقی رپورٹس کے مطابق منہ کے چھالوں میں سوزش اور درد کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ گھریلو طریقے ابتدائی ریلیف فراہم کر سکتے ہیں، تاہم بار بار یا شدید نوعیت کے چھالوں کی صورت میں ڈاکٹر سے مشورہ ضروری ہے۔

نوٹ: یہ معلومات مختلف طبی جریدوں اور تحقیقی رپورٹس پر مبنی ہیں، کسی بھی علاج سے قبل معالج سے مشورہ کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔

Scroll to Top