چارسدہ جے یو آئی (ف) کانفرنس سے پہلے خطرے کی اطلاع، سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ

الف خان شیرپاؤ
چارسدہ: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیر اہتمام ہونے والی کانفرنس کے حوالے سے ایک اطلاعاتی رپورٹ سامنے آئی ہے، جس میں ممکنہ سیکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے انتظامات مزید سخت کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق چارسدہ میں 18 جون 2026 کو منعقد ہونے والی کانفرنس کو ممکنہ خطرے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اطلاعاتی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ داعش خراسان (ISKP) کی جانب سے ممکنہ طور پر کانفرنس کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی جا سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ کانفرنس شہید شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس کی یاد میں منعقد کی جا رہی ہے، جبکہ تقریب فاروق اعظم چوک چارسدہ میں ہونے کی توقع ہے، جہاں 10 سے 12 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔

اطلاعاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان سمیت پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کی شرکت متوقع ہے، جس کے باعث سیکیورٹی انتظامات مزید اہمیت اختیار کر گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان رہائی تحریک کا مشاورتی اجلاس، اڈیالہ احتجاج، ملاقات اور بجٹ پر اہم فیصلے

رپورٹ میں متعلقہ اداروں کو سفارش کی گئی ہے کہ کانفرنس کے مقام اور اطراف میں سیکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے، مکمل سرچ اور نگرانی کے اقدامات کیے جائیں جبکہ اہم شخصیات کی آمد و رفت کے راستوں کی پیشگی سیکیورٹی کلیئرنس یقینی بنائی جائے۔

اس کے علاوہ حساس مقامات کی نگرانی بڑھانے اور سیکیورٹی پلان کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

تاہم اس اطلاعاتی رپورٹ کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے بھی تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

Scroll to Top