اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے آج ملاقات کا دن،فہرست تیار ، شامل افراد کے نام سامنے آگئے

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے آج ملاقات کا دن،فہرست تیار ، شامل افراد کے نام سامنے آگئے

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی (عمران خان)سے آج ملاقات کا دن، 6 رہنماؤں کے نام جیل حکام کو بھجوا دیے گئے۔

اڈیالہ جیل میں قید بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے آج ملاقات کا دن ہے، جس کے لیے پارٹی قیادت کی جانب سے ملاقات کرنے والے رہنماؤں کی فہرست جیل انتظامیہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجہ نے گزشتہ روز چھ افراد پر مشتمل فہرست جیل حکام کو بھجوائی۔ ملاقات کے لیے نامزد افراد میں عبد الستار، شاہد اقبال، شہزاد بھٹی، اقبال خان خٹک، سید فیض الحسن گیلانی اور سردار فیصل ندیم گورچانی شامل ہیں۔

فہرست میں شامل رہنما آج اڈیالہ جیل پہنچ کر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے، جہاں پارٹی امور اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل اور اس کے اطراف سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جیل جانے والے تمام راستوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ مختلف مقامات پر عارضی پولیس چوکیاں بھی قائم کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق داہگل ناکہ، فیکٹری ناکہ، ماربل فیکٹری ناکہ اور اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 1 اور 5 کے اطراف خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران سیکیورٹی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور جیل کے اطراف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی یقینی بنائی گئی ہے۔

Scroll to Top