شاہدجان
خیبر پختونخوا اسمبلی کا بجٹ اجلاس کل 19 جون بروز جمعہ سے شروع ہو رہا ہےجس کے لیے اسمبلی سیکریٹریٹ نے مالی سال 2026-27 کے سالانہ بجٹ اور مالی سال 2025-26 کے ضمنی بجٹ کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق کل 19 جون بروز جمعہ دوپہر دو بجے منعقد ہونے والے اجلاس میں وزیرِ خزانہ مالی سال 2026-27 کا سالانہ بجٹ پیش کریں گے، جبکہ اسی دوران فنانس بل اور مالی سال 2025-26 کا ضمنی بجٹ بھی ایوان کے سامنے رکھا جائے گا۔
شیڈول کے تحت 20 اور 21 جون کو اسمبلی کا کوئی اجلاس نہیں ہوگا، جس کے بعد 22 سے 24 جون تک بجٹ پر عمومی بحث کی جائے گی۔ 25 اور 26 جون کو عاشورہ کی تعطیلات کے باعث اجلاس منعقد نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کابینہ کا اہم اجلاس طلب
بجٹ سیشن کے دوسرے مرحلے میں 27 جون کو بجٹ پر عمومی بحث مکمل ہونے کے بعد سالانہ بجٹ کے مطالباتِ زر پر ووٹنگ ہوگی۔ 28 جون کو مطالباتِ زر اور فنانس بل کی منظوری کے ساتھ ساتھ مجاز اخراجات کے مستند شیڈول کی توثیق کی جائے گی۔
29 جون کو مالی سال 2025-26 کے ضمنی بجٹ پر عمومی بحث شیڈول ہے، جبکہ 30 جون کو ضمنی بجٹ کے مطالباتِ زر پر ووٹنگ اور اس کے مجاز اخراجات کے مستند شیڈول کی توثیق کے ساتھ بجٹ کے مراحل مکمل کیے جائیں گے۔





