اسلام آباد پولیس میں 2 ہزار نئی آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں روزگار کے منتظر نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے. حکومت نے اسلام آباد پولیس میں تقریباً دو ہزار نئی سرکاری آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس میں مجموعی طور پر ایک ہزار 934 نئی اسامیوں کی منظوری دی گئی ہے۔ یہ بھرتیاں اسپیشل پروٹیکشن یونٹ اور لاء اینڈ آرڈر ڈویژن میں کی جائیں گی تاکہ سکیورٹی اور امن و امان کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

رپورٹس کے مطابق وی آئی پیز اور حساس تنصیبات کی حفاظت کے لیے 997 نئی آسامیاں مختص کی گئی ہیں، جبکہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے 937 نئی آسامیوں کی منظوری دی گئی ہے۔ ان آسامیوں پر مختلف رینکس میں اہلکار بھرتی کیے جائیں گے۔

منظور شدہ اسامیوں میں 1580 کانسٹیبلز اور 180 ہیڈ کانسٹیبلز شامل ہیں، جبکہ فیلڈ آپریشنز کی نگرانی اور انتظامی امور کو مضبوط بنانے کے لیے 24 انسپکٹرز کے عہدے بھی تخلیق کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : انتخابات سے متعلق پھر بڑا مطالبہ،مولانا فضل الرحمان میدان میں آگئے

اس کے علاوہ 100 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز اور 50 سب انسپکٹرز کو بھی براہ راست فورس کا حصہ بنایا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی بھرتیوں کا مقصد پولیس فورس کی استعداد کار میں اضافہ اور وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ تمام اخراجات وفاقی پولیس کے بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ یہ فیصلہ نہ صرف پولیس فورس کو مضبوط کرے گا بلکہ بے روزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا، جس سے عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری آنے کی توقع ہے۔

Scroll to Top