سوشل میڈیا سے کمائی کرنے والوں کیلئے بڑی خبر

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے سوشل میڈیا سے ہونے والی آمدن پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز منظور کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق نوید قمر کی زیر صدارت قومی اسمبلی خزانہ کمیٹی کا اجلاس دوبارہ ہوا، جس میں سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدن پر ٹیکس کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایف بی آر حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ اگر یوٹیوب سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی ڈالرز میں آمدن بینکنگ چینل کے ذریعے پاکستان آئے گی تو اس پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد ہوگا۔

حکام کے مطابق ملک میں اس وقت سوشل میڈیا کے ذریعے ہونے والی کمائی تقریباً 10 ارب روپے تک ہے، جبکہ اس آمدن پر 5 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد پولیس میں 2 ہزار نئی آسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری

اجلاس میں وراثت میں ملنے والی پراپرٹی اور پلاٹس کی فروخت پر کیپیٹل گین ٹیکس سے متعلق تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

ایف بی آر حکام نے بتایا کہ وراثت میں ملنے والی جائیداد کی لاگت مالک کی وفات کے دن کی مارکیٹ ویلیو تصور کی جائے گی، جبکہ فیملی سیٹلمنٹ کے ذریعے منتقل ہونے والی وراثتی جائیداد کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا۔

حکام کے مطابق جس دن والد کی وفات ہوگی، اسی دن سے پراپرٹی کی اصل قیمت کا تعین کیا جائے گا، تاکہ وراثتی جائیداد کے معاملات میں واضح طریقہ کار اختیار کیا جا سکے۔

Scroll to Top