وینزویلا میں پے در پے آنیوالے زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، نتیجے میں درجنوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں جبکہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق بدھ کی شام پہلے 7.2 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے ایک منٹ سے بھی کم وقت بعد 7.5 شدت کا دوسرا طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ زلزلوں کے شدید جھٹکے دارالحکومت کراکس سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
رپورٹس کے مطابق کراکس اور دیگر متاثرہ شہروں میں متعدد رہائشی اور تجارتی عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز میں مصروف ہیں۔
وینزویلا کی قائم مقام صدر Delcy Rodríguez نے زلزلے کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔ حکام کے مطابق اب تک کم از کم 32 افراد کے جاں بحق اور 700 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، تاہم ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کے مرکزی ہوائی اڈے اور دیگر بنیادی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے۔ عالمی برادری نے بھی وینزویلا کو امداد کی پیشکش کر دی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ہزاروں تک پہنچ سکتی ہے، تاہم حتمی اعداد و شمار امدادی کارروائیوں اور نقصانات کے مکمل جائزے کے بعد سامنے آئیں گے۔
دوسری جانب امریکی ریاست California کے شمالی علاقوں میں بھی 5.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد لاکھوں افراد کو احتیاطی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔





