موسم کا بڑا سرپرائز! آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

موسم کا بڑا سرپرائز! آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، میانوالی، خوشاب، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ راولپنڈی، اسلام آباد اور پوٹھوہار ریجن میں شدید بارشوں کے باعث مقامی اور شہری سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ ہنزہ، نگر، غذر، سکردو، شگر، گانچھے، استور اور دیامر میں گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے (GLOF) اور اچانک سیلاب کے خطرات کے پیش نظر خصوصی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز اور برفانی جھیلوں کے باعث پہاڑی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ، لینڈ سلائیڈنگ اور ملبے کے ریلوں کا خدشہ موجود ہے، جس سے شاہراہوں، رابطہ سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
بلوچستان کے اضلاع تربت، کیچ، آواران، خضدار اور ژوب جبکہ سندھ کے جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، شہید بینظیر آباد اور کراچی میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں، گلیشیئرز اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

سیاحوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال ضرور چیک کریں۔

Scroll to Top