آئندہ سال حج کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 22 جون سے ہوگا، وزارت مذہبی امور کا اعلان۔
وفاقی حکومت نے آئندہ سال حج 2027کے لیے رجسٹریشن کا باضابطہ آغاز 22 جون سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت مذہبی امور نے تمام انتظامات مکمل کرتے ہوئے عازمین کو ہدایت جاری کر دی ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج رجسٹریشن کا آغاز سوموار سے کیا جائے گا اور خواہش مند افراد وزارت کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کروا سکیں گے۔ صرف وہی عازمین حج کے لیے اہل ہوں گے جو مقررہ مدت کے دوران رجسٹریشن مکمل کریں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مطلوبہ تعداد مکمل ہونے پر آن لائن رجسٹریشن کا عمل خودکار طور پر بند کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ رجسٹریشن کے لیے پاسپورٹ کی میعاد نومبر 2027 تک لازمی قرار دی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ حج رجسٹریشن کے لیے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی، تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین آسانی کے ساتھ اس عمل میں حصہ لے سکیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ رجسٹرڈ عازمین سرکاری حج اسکیم کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بھی حج کی ادائیگی کے لیے اہل ہوں گے، جس سے انہیں اپنی سہولت کے مطابق انتخاب کا موقع ملے گا۔
حکام کے مطابق حج انتظامات کو شفاف اور سہل بنانے کے لیے اس بار تمام عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت چلایا جا رہا ہے، تاکہ کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔





