فیفا ورلڈکپ: امریکا نے ایران کی فٹبال ٹیم پر سفری پابندیوں میں نرمی کر دی

امریکا نے فیفا ورلڈکپ میں شریک ایران کی قومی فٹبال ٹیم کے لیے سفری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے اسکواڈ کو اپنے آئندہ میچ سے دو روز قبل امریکی سرزمین میں داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔

امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق ایران کی قومی ٹیم کو فیفا ورلڈکپ کے اگلے مرحلے کے میچ کے لیے مقررہ مقابلے سے دو روز قبل امریکا میں داخلے کی اجازت دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد ٹورنامنٹ کے شیڈول، کھلاڑیوں کی تیاری اور سفری انتظامات کو بہتر بنانا ہے۔

محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے بیان کے مطابق ایرانی اسکواڈ بدھ کے روز میکسیکو کے شہر تیجوانا سے امریکی شہر سیئٹل روانہ ہوگا جہاں ٹیم جمعے کو اپنا اہم میچ کھیلے گی۔

تاہم امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ پابندیوں میں نرمی کے باوجود ٹیم کو میچ کے اختتام کے فوراً بعد امریکا چھوڑنا ہوگا اور خصوصی سفری انتظامات کی شرائط بدستور برقرار رہیں گی۔

امریکی حکام کے مطابق ورلڈکپ کے ابتدائی میچوں کے دوران ایران کی ٹیم کو صرف ایک روز قبل امریکا میں داخل ہونے کی اجازت دی جاتی تھی جس کے باعث سفری شیڈول اور تیاریوں کے حوالے سے بعض مشکلات سامنے آئی تھیں۔ اسی تناظر میں ایرانی حکام نے میچ سے دو روز قبل داخلے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : سیلاب کی تباہ کاریوں سے پہلے خبردار کرنے والا نظام متاثر، اہم آلات چوری

وائٹ ہاؤس کی فیفا ٹاسک فورس کا کہنا ہے کہ ابتدائی دو سفری مراحل کے کامیاب اور منظم انعقاد کے بعد ایرانی ٹیم کے لیے سفری قواعد میں محدود نرمی کا فیصلہ کیا گیا۔

حکام کے مطابق سکیورٹی اور امیگریشن سے متعلق تمام ضوابط بدستور نافذ رہیں گے اور ٹیم کی نقل و حرکت متعین طریقہ کار کے تحت ہوگی۔

یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی کشیدگی کے باعث ایرانی شہریوں پر مختلف نوعیت کی سفری پابندیاں عائد ہیں۔

ورلڈکپ کے دوران بھی ایرانی ٹیم کے سفر اور قیام کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

اس سے قبل امریکا نے ایران کی اس درخواست کو مسترد کر دیا تھا جس میں ٹیم نے اپنے میچ سے دو روز قبل امریکا آنے کی اجازت مانگی تھی تاہم بعد ازاں حالات کا جائزہ لینے کے بعد امریکی حکام نے اپنے فیصلے میں نرمی کرتے ہوئے اجازت دے دی۔

Scroll to Top