باجوڑ: مغل برادری کی ضلعی کابینہ کا اعلان، محمد داؤد خان صدر منتخب

محمد عباس
مغل برادری ضلع باجوڑ کی تنظیم سازی کا عمل مکمل کر کے ضلعی کابینہ اور ایڈوائزری کمیٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس سابق سب ڈویژن ناظم خار حاجی سید باچا کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس میں برادری کے عمائدین، مشران اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران تفصیلی مشاورت کے بعد متفقہ طور پر ضلعی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس کے تحت حاجی سید احمد جان کو بابائے قوم، محمد داؤد خان کو صدر اور حاجی سید باچا کو سینئر نائب صدر منتخب کیا گیا جبکہ پروفیسر بخت منیر، شہزادہ سلارزئی، گل زادہ اتمان خیل اور اکرام مغل نائب صدور کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

دیگر تنظیمی عہدیداروں میں نثار الحق سیکریٹری جنرل، قاسم خان سلارزئی ڈپٹی سیکریٹری جنرل، اختیار جان کوثر جوائنٹ سیکریٹری، معروف جان سیکریٹری اطلاعات، حماد خار ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات، جلال الدین انچارج سوشل میڈیا، انور اللہ سیکریٹری مالیات اور عمران مغل ڈپٹی سیکریٹری مالیات منتخب ہوئے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نومنتخب عہدیداروں حاجی سید احمد جان، حاجی سید باچا اور محمد داؤد خان نے نئی کابینہ کو مبارکباد دی اور برادری کے اتحاد، بھائی چارے اور فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر محمد داؤد خان کا کہنا تھا کہ جلد ہی تحصیل سطح پر بھی تنظیم سازی مکمل کی جائے گی اور برادری کے اندرونی تنازعات کے حل اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

اجلاس میں تنظیمی امور کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے ایک ایڈوائزری کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جس کا چیئرمین مولانا محمد طارق کو منتخب کیا گیا ہے جبکہ خلیل اللہ جان، حاجی ظاہر شاہ، عجب نور، حاجی اسلام الدین، عمر محمد، صاحب زادہ، انور حسین اور زاہد حسین کمیٹی کے ارکان نامزد ہوئے ہیں۔

تنظیمی اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، مغل برادری کے اتحاد اور نئی کابینہ کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔

Scroll to Top