اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علما کونسل مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف نے نہ صرف عالمی سطح پر جنگ بندی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا بلکہ امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کے لیے بھی قابلِ قدر اقدامات کیے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی پیغام امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام، مشائخ عظام اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور پیغامِ پاکستان کے ضابطۂ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں اتحاد، رواداری، برداشت اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
علماء و مشائخ نے عوام، خطباء، ذاکرین اور مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطابات اور مجالس میں سیدنا امام حسینؓ کے پیغامِ حق، صبر، امن اور قربانی کو اجاگر کریں اور معاشرے میں محبت و اخوت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
یہ بھی پڑھیں : عاشورہ جلوسوں کے لیے محکمہ صحت خیبرپختونخوا کا اہم ہدایت نامہ جاری
اس موقع پر علماء کرام نے علاقائی اور عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے حکومت پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔
شرکاء نے امت مسلمہ کے اتحاد، استحکام اور باہمی تعاون کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اجلاس کے اختتام پر ملک میں امن، استحکام، ترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔





