پشاور: محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے یوم عاشور کے دوران عزاداروں کو بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اس سلسلے میں صوبے کے متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز (ڈی ایچ اوز) اور مختلف ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس (ایم ایس) کو عاشورہ ایڈوائزری پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے کے مطابق امام بارگاہوں کے اطراف اور ماتمی جلوسوں کے مقررہ راستوں پر خصوصی میڈیکل ٹیمیں تعینات کی جائیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے ادویات، طبی سامان اور دیگر ضروری آلات کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور : نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کا شیڈول جاری
محکمہ صحت نے مزید ہدایت کی ہے کہ جلوسوں کے راستوں پر ایمبولینس سروسز ہر وقت موجود رہیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری رسپانس دیا جائے۔
حکام کے مطابق عاشورہ کے دوران صحت عامہ کی سہولیات کو مؤثر بنانے اور عوام کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔





