وینزویلا میں 7.5 شدت کا ہولناک زلزلہ، عمارتیں ملبے کا ڈھیر، بڑے جانی نقصان کا خدشہ

کراکس: وینزویلا کا دارالحکومت کراکس چند سیکنڈ کے وقفے سے آنے والے دو انتہائی طاقتور زلزلوں سے لرز اٹھا، جس کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کے منہدم ہونے اور بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 4 منٹ پر کراکس کے مغرب میں واقع علاقے میں پہلے 7.2 اور پھر 7.5 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ زلزلوں کے جھٹکے نہ صرف پورے وینزویلا میں محسوس کیے گئے بلکہ پڑوسی ملک کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا تک بھی لرزش محسوس کی گئی۔

شدید جھٹکوں کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری جان بچانے کے لیے گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے۔ متعدد علاقوں سے عمارتوں کے گرنے اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

وینزویلا کے وزیر داخلہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گھروں سے باہر نکلنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ہنگامی اداروں کو فوری طور پر الرٹ کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق امدادی اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ کئی مقامات پر ملبے تلے افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، اقوامِ متحدہ میں تاریخی قرارداد منظور

امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) نے خبردار کیا ہے کہ زلزلوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہو سکتا ہے۔ ادارے کے ابتدائی تخمینے کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرنے کے امکانات 44 فیصد تک ہیں، جس کے باعث صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیا جا رہا ہے۔

زلزلے ایسے وقت میں آئے جب ملک میں قومی تعطیل منائی جا رہی تھی اور بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں میں موجود تھے، جس سے ممکنہ جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

حکام نے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے جبکہ ہسپتالوں، ریسکیو اداروں اور سیکیورٹی فورسز کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے، جبکہ نقصانات کی مکمل تفصیلات سامنے آنے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔

Scroll to Top