باجوڑ میں ہیضے کی وبا، ایک ہی گھر کے 10 افراد متاثر، 2 بچیاں جاں بحق

باجوڑ میں ہیضے کی وبا، ایک ہی گھر کے 10 افراد متاثر، 2 بچیاں جاں بحق

باجوڑ کی تحصیل اتمان خیل کے علاقے بانڈگئی میں ہیضے کی وبا پھوٹنے سے ایک ہی گھر کے 10 افراد متاثر ہو گئے، جبکہ 2 بچیاں جاں بحق ہو گئیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا قائم ہو گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والی بچیوں کی شناخت 9 سالہ علیشہ بی بی اور 4 سالہ پاکیزہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان کا تعلق لوئر دیر سے ہے، جبکہ دیگر متاثرہ افراد کو فوری طور پر تیمرگرہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق تحصیل اتمان خیل کے علاقے بانڈگئی میں مشتبہ ہیضہ اور شدید اسہال کے کیسز سامنے آنے پر فوری طور پر ریسپانس ٹیم کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر باجوڑ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی ہدایت پر ٹیم نے متاثرہ علاقے کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔

حکام نے بتایا کہ ٹیم نے پانی کے نمونے حاصل کر لیے ہیں جبکہ متاثرہ خاندان کو فوری طبی امداد، او آر ایس اور دیگر ضروری ادویات فراہم کر دی گئی ہیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ممکنہ وبا پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔

Scroll to Top