پاکستان نے خطے کے امن میں کلیدی کردار ادا کیا ،ایرانی صدر کا اہم بیان سامنے آگیا

پاکستان نے خطے کے امن میں کلیدی کردار ادا کیا ،ایرانی صدر کا اہم بیان سامنے آگیا

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد نے کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ خطے میں مفاہمت اور امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل اور سنجیدہ سفارتی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی بہترین راستہ ہے، اور پاکستان نے اسی سمت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔

مسعود پزشکیان نے بتایا کہ اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران انہوں نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے تفصیلی ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات موجود ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک پرعزم ہیں۔ انہوں نے تجارت کے فروغ، اقتصادی تعاون اور علاقائی روابط کو وسعت دینے پر بھی بات چیت کو مثبت قرار دیا۔

انہوں نے پاکستان کی جانب سے مفاہمتی عمل میں تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی ممالک کے درمیان قریبی تعاون ناگزیر ہے۔

Scroll to Top