آزاد کشمیر سے متعلق جعلی خبر کی اشاعت، وزارتِ اطلاعات کا بی بی سی سے شدید احتجاج

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے من گھڑت اور جعلی خبر کی اشاعت پر عالمی نشریاتی ادارے بی بی سی اردوسے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

وفاقی وزارت کی جانب سے بی بی سی اردو انتظامیہ کو بے بنیاد الزامات پر مبنی رپورٹ شائع کرنے کے خلاف ایک باضابطہ شکایت بھی درج کرا دی گئی ہے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ رپورٹ تیار کرتے وقت سرکاری حقائق، زمینی حقائق اور ریکارڈ پر موجود حکومت کے واضح مؤقف کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیاجو کہ صحافتی اصولوں کے منافی ہے۔

حکام نے مزید موقف اختیار کیا ہے کہ بغیر کسی تصدیق اور ثبوت کے ایسے من گھڑت دعوؤں کو خبر بنا کر پیش کرنا انتہائی افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : راستوں کی بندش سے متعلق بی بی سی کی خبر حقائق کے منافی ہے ،آئی جی آزاد کشمیر

وزارت کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے بلکہ بی بی سی اردو کی جانب سے غیر مصدقہ اور یکطرفہ خبروں کو جگہ دینا اب ایک باقاعدہ رجحان بنتا جا رہا ہے۔

وفاقی وزارتِ اطلاعات نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بین الاقوامی ادارے کی جانب سے اس قسم کی گمراہ کن رپورٹنگ کے تدارک کے لیے فوری طور پر اصلاحی اقدامات اٹھانا ناگزیر ہو چکا ہے۔

Scroll to Top