سوات سےتعلق رکھنے والے سینئر صحافی فیاض ظفر نے خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیرڈاکٹر امجد علی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے انہیں “انٹرنیشنل چور اور ڈاکو” قرار دے دیا ہے ۔
ایک ویڈیو بیان میں فیاض ظفر کا کہنا تھا کہ امجد علی بنیادی طور پر کوئی ڈاکٹر نہیں بلکہ ایک حکیم اور پنساری ہیں جو ڈاکٹر کے مقدس پیشے کو بدنام کر رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبائی وزیر ماضی میں ایک معمولی ویسپا سکوٹر پر چلتے تھے لیکن بعد میں انہوں نے کسٹم چوری کی گاڑیاں خریدیں اور آج ان کے بچے اور اثاثے امریکہ میں موجود ہیں۔
فیاض ظفر نے الزام لگایا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں سب سے بڑے چور امجد علی ہیں جن کا کام یہ ہے کہ جب بھی کوئی ان کی کرپشن اور چوری کو بے نقاب کرتا ہے، تو یہ اس کے خلاف قانونی نوٹسز اور عدالتوں میں کیسز دائر کرنا شروع کر دیتے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ صوبائی وزیر نے ایک میڈیا گروپ سمیت خود انہیں بھی ایک قانونی نوٹس بھیجا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت مخالف رپورٹنگ کیوں کی؟ صوبائی وزیر خیبر پختونخوا نے سینئر صحافی عقیل یوسفزئی کو قانونی نوٹس بھیج دیا
سینئر صحافی نے عزم ظاہر کیا کہ وہ امجد علی کے خلاف عدالت میں کیس دائر کریں گے کہ وہ کس حیثیت میں اپنے نام کے ساتھ ڈاکٹر لکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا گروپس اور صحافیوں کو نوٹسز جاری کرنے کا مقصد سچ کو دبانا ہےلیکن ان کے یہ نوٹسز عدالتوں میں ناکام ہوں گے کیونکہ چوری چھپانے کے لیے جاری کیے جانے والے ایسے تمام کیسز یہ عبرت ناک طریقے سے ہاریں گے۔





