پاکستان کے مایہ ناز ای سپورٹس کھلاڑی ارسلان ایش نے ایک بار پھر عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے ایوولیوشن چیمپئن شپ سیریز (ایوو) 2026 میں ٹیکن 8 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
لاس ویگاس کنونشن سینٹر میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور سے تعلق رکھنے والے ارسلان ایش نے جنوبی کوریا کے رینگ چو کو سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیتی۔
اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہی ارسلان ایش نے مسلسل چوتھی بار لاس ویگاس میں ایوو چیمپئن بننے کا منفرد اعزاز حاصل کر لیا ہےجبکہ مجموعی طور پر ان کے ایوو ٹائٹلز کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے جو اس ٹورنامنٹ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کی سب سے زیادہ فتوحات کا ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔
ایوو انتظامیہ نے بھی اپنے سرکاری بیان میں ارسلان ایش کی اس تاریخی کامیابی کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی نے مسلسل چوتھی بار لاس ویگاس میں ٹائٹل جیت کر مجموعی طور پر آٹھواں ایوو اعزاز حاصل کیا ہے جو ان کی کھیل پر گرفت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں : عالمی چیمپئن بھارت کو ٹی ٹوئنٹی میچ میں آئرلینڈ کے ہاتھوں تاریخی شکست
واضح رہے کہ ارسلان ایش نے پہلی بار 2019 میں جاپان میں ٹیکن 7 کا عالمی ٹائٹل جیت کر بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا، جس کے بعد انہوں نے امریکا اور جاپان میں ہونے والے متعدد بڑے ای سپورٹس مقابلوں میں کامیابیاں حاصل کیں۔
انہیں 2019 میں دنیا کے بہترین ای سپورٹس کھلاڑی کا اعزاز بھی دیا گیا تھا اور وہ گزشتہ کئی برسوں سے عالمی فائٹنگ گیمز کے میدان میں اپنی شاندار اور مستقل مزاج کارکردگی کے باعث صفِ اول کے کھلاڑی سمجھے جاتے ہیں۔





